اسلام آباد (این این آئی) امام کعبہ ڈاکٹر عبد اللہ عواد نے کہاہے کہ اسلام اخوت اور بھائی چارے کا نام ہے، مسلمانوں کو اتحاد کی سخت ضرورت ہے،رمضان کا مہینہ مسلمانوں کیلئے اللہ کا تحفہ ہے،مسلمان تقویٰ اختیار کریں۔
پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے امام کعبہ ڈاکٹر عبداللہ عواد نے اسلام آباد کی فیصل مسجد میں جمعے کا خطبہ دیا۔امام کعبہ نے فقید المثال استقبال پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔خطبے میں امام کعبہ نے کہا کہ اسلام اخوت اور بھائی چارے کا نام ہے، ہمارا مذہب امن و امان سے رہنے کا درس دیتا ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب توحید کی بنیاد پر قائم ہوئے۔انہوں نے کہاکہ مسلمان تقویٰ اختیار کریں۔ امام کعبہ نے کہاکہ رمضان کا مہینہ مسلمانوں کیلئے اللہ کا تحفہ ہے۔انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک تمام مہینوں کا سردار ہے۔انہوں نے کہاکہ رمضان کی آمد کا ابھی سے اہتمام شروع کردیں۔انہوںنے کہاکہ رمضان میں صدقات اور خیرات کا اہتمام کریں۔انہوں نے کہاکہ مسلمانوں کو اتحاد کی سخت ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان تمام مسلمانوں کا محور ہے۔امام کعبہ نے پاکستان کی ترقی خوشحالی اور مضبوطی کی دعائیں کرائیں ۔ قبل ازیں فیصل مسجد کی اطراف میں سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ،اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی ،مسجد میں مکمل جامع تلاشی کے بعد نمازیوں کو جانے دیا گیا۔ فیصل مسجد کے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹ نصب کئے گئے ،مسجد میں مرد اور خواتین کیلئے الگ الگ انتظامات کئے گئے۔