اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان اور حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے برے دن شروع ہو گئے، معروف صحافی سلیم صافی کا دعویٰ ،نجی ٹی وی پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حنیف عباسی کے ساتھ جو زیادتی کی گئی اس کی ہماری عدالتی تاریخ میں کہیں کوئی مثال نہیں ملتی۔
اگرچہ پاکستان میں بہت سارے ظلم ہوتے رہتے ہیں لیکن یہ سب سے بڑا ظلم تھا جس کی کوئی مثال نہیں ۔سالوں سے کیس چل رہا تھا ، نہ کوئی سماعت ہو رہی تھی نہ ہی کوئی فیصلہ کیا جا رہا تھااور پھر الیکشن کے دن قریب آ گئے ، الیکشن مہم زوروں پر تھی۔ رات گئے تک عدالت لگی رہی اور فیصلہ سنا دیا گیا ۔ ہر کسی کو علم تھا کہ حنیف عباسی کے خلاف جو فیصلہ آیا اس کا محرک سیاسی تھا اور ان سے انتقام لیا جا رہا تھا۔اس کے بعد بھی اسی طرح کے ملزمان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی صرف اس لیے کہ وہ لوگ غیر سیاسی تھے۔سلیم صافی نے کہا کہ میرے خیال میں حنیف عباسی کے خلاف فیصلہ سراسر ظلم و زیادتی پر مبنی تھا اور آج کسی حد تک ان کو ریلیف ملا ہے۔ اس ملک میں یہی ہوتا ہے کہ کسی بھی شخص کو بدنام کر دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت نے حنیف عباسی کو ان کے الیکشن لڑنے کے حق سے محروم کر دیا۔ ان کے ووٹرز کو اس چوائس سے محروم کر دیا۔ ان دنوں ان کے اکاؤنٹس بھی بند رہے ، ان کی بیٹی اور بیوی پر کیا گزری ، ان کے بچوں پر کیا گزری کسی کو کوئی پروانہیں تھی۔اب ان کو عدالت سے تھوڑا ریلیف مل گیا ہے۔ بد قسمتی سے ہمارے عدالتی نظام میں ایسا کوئی نظام نہیں ہے کہ اگر کسی نے غلط کیس بنایا ہو ، اس کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا جاتا۔ کسی سے کوئی باز پرس نہیں کی جاتی ۔ مسلم لیگ ن والوں کے اچھے دن آ رہے ہیں اور اب مکافات عمل کے تحت پاکستان تحریک انصاف کے برےدن آنے والے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز حنیف عباسی کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم جاری ہوا تھا۔