لاہور ( این این آئی) آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کی کال پر ملک بھر بشمول آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی طرح پنجاب بھرکے تما م سرکاری ملازمین نے مہنگائی کے خلاف اور اپنے مطالبات کے حق میں صوبائی ہیڈکوارٹر میں اسمبلی ہال کے سامنے / ضلعی سطح پر ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرے اور دھرنے دیئے،لاہور میں پنجاب اسمبلی کے سامنے مرکزی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں ملازمین نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی ،
احتجاج کے باعث اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں ملازمین نے مہنگائی کے خلاف اور اپنے مطالبات تنخواہوں میں100فیصد فیصداضافہ و دیگر کی منظوری کے لیے پنجاب اسمبلی کے سامنے مرکزی احتجاجی مظاہرہ کیا جس کی مرکزی صدا ایپکا پاکستان قیادت حاجی محمد ارشاد چوہدری ، حاجی فضل داد گجر، لالہ محمد اسلم اوردیگر ایپکا قائدین نے کی۔احتجاج میں ڈویژن کے تمام محکمہ جات کے ہزاروں ملازمین نے بھرپور شرکت کی ۔ مظاہرین نے مطالبات کے حق میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔انہوں کہا کہ سرکاری ملازمین درختوں کے پتے کھانے پر مجبورہیں۔ مظاہرین پولیس کی بھاری نفری اور رکاوٹیں توڑتے ہوئے اسمبلی ہال کے گیٹ تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے ۔ حکومت کے خلاف زبردست نعرے بازی کی جسکی وجہ سے اطراف میں کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام رہی۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ایپکا قائدین حاجی محمدارشاد چوہدری و دیگرنے وزیر اعظم پاکستان سے اپیل کی کہ مہنگائی کے جن کو قابو میں کیا جائے جس سے تمام تنخواہ دار طبقہ پر شدید اضافی مالی بوجھ پڑنے کی وجہ سے ملازمین شدید ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں اور ایپکا چارٹر آف ڈیمانڈ کی منظوری کا 20 اپریل تک اعلان کیا جائے اور ملک بھر کے لاکھوں ملازمین کی دعائیں لی جائیں۔پنجا ب حکومت سے اپیل کی کہ سیکرٹریٹ ملازمین کی طرح پنجاب بھر کے تمام ملازمین کو یوٹیلیٹی الاؤنس ، ہاؤس ریکوزیشن اور 50فیصد تنخواہوں میں اضافہ دیا جائے۔
بصورت دیگر ایپکا اپنے احتجاج کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے مورخہ16 اپریل بروز منگل کو ملک بھر کی طرح پنجاب اور لاہور کے محکمہ جات کے سامنے احتجاجی مظاہرے ہونگے۔جبکہ 2مئی 2019 کوپار لیمنٹ ہاؤس اسلام آبادکے سامنے ڈے اینڈ نائٹ دھرنا دینے پر مجبور ہو جائے گی جوکہ مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گااوردمادم مست قلند ر ہو گا ۔ مطالبات کی منظوری تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ مرکزی صدر ایپکا نے ملازمین کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جنھوں نے شدید گرمی اور لاٹھی چارج کی پرواہ نہ کرتے ہوئے احتجاج کو کامیاب بنایا۔