کراچی(این این آئی)برطانیہ پاکستان چیمبر آف کامرس انڈسٹری نے پی آئی اے میں سرمایہ کاری کیلئے اپنی دلچسپی کا اظہار کردیاہے، پہلے مرحلے میں پی آئی اے کو طیارہ دینے کی پیشکش اور شیئرز کی خریداری کا عندیہ دیا ہے۔اس سلسلے میں یوکے پاکستان چیمبرز آف کامرس وفد نے پی آئی اے ہیڈ آفس کا دورہ کیا، وفد نے سی ای او پی آئی اے ایئرمارشل ارشد ملک سے ملاقات کی۔
یو کے پاکستان چیمبر آف کامرس کے سات رکنی وفد کی قیادت میاں محمد وحید کررہے تھے، برطانوی چیمبرآف کامرس کے وفد کے اراکین کا کہنا تھا کہ پی آئی اے پاکستان کا قومہ اثاثہ ہے، برطانیہ میں مقیم پاکستانی پی آئی اے کے ذریعے ہی اپنے سفر کو ترجیح دیتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ یو کے پاکستان چیمبرآف کامرس کی سرمایہ کاری سے قومی ایئرلائن مزید مستحکم ہوگی، برطانوی پاکستانی چیمبرآف کامرس اراکین نے پہلے مرحلے میں پی آئی اے کو طیارہ دینے کی پیشکش کردی، دوسرے مرحلے میں پی آئی اے کو مزید طیارے بھی دیے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ برطانیہ میں موجود پاکستانی سرمایہ کار عمران خان کے ویژن سے متاثر ہیں برطانوی پاکستانی سرمایہ کار پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں، برطانیہ میں مقیم پاکستانی سرمایہ کار پی آئی اے کے شیئرز بھی خریدنا چاہتے ہیں تاکہ اس کو مزید ترقی دی جاسکے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سی ای او ایئرمارشل ارشد ملک نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اداروں کی ترقی کے ساتھ ساتھ پی آئی اے کی ترقی کیلئے بھی اقدامات کررہے ہیں۔اس کے علاوہ پی آئی اے مسافروں کو بہتر سہولت دینے کے ساتھ ساتھ فلائٹ انٹرٹینمنٹ سسٹم پر بھی توجہ دے رہی ہے، پی آئی اے کے بزنس پلان پر عملدرآمد شروع کردیاگیا ہے۔ ایئر مارشل ارشد ملک نے برطانوی پاکستانی چیمبرآف کامرس کو سرمایہ کاری کے حوالے سے دلچسپی کو سراہا۔