اسلام آباد (این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر رحمن ملک نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نریندری بارے لکھی گئی میری کتاب کا مطالعہ کریں ، نریندر مودی نے بنگلہ دیش میں پاکستان بارے میں بیانات دیئے اور نریندر مودی نے پاکستان کو دو لخت کرنے کے لئے کیا کردار ادا کیا۔
ٹوئٹر پر اپنے بیان میں رحمن ملک نے کہاکہ اگر وزیراعظم عمران خان بھارتی وزیراعظم کے بارے میں تحریر کی گئی میری نئی کتاب کا مطالعہ کرتے تو خوشی ہوتی ،وزیر اعظم کو معلوم ہوتا کہ نریندر مودی نے بنگلہ دیش میں پاکستان بارے میں بیانات دیئے اور نریندر مودی نے پاکستان کو دو لخت کرنے کے لئے کیا کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ میری خواہش ہے وزیراعظم عمران خان بھارتی وزیراعظم کے مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم اور قتل و غارت کے بارے میں معلومات حاصل کریں ۔انہوں نے کہا کہ مجھے یہ جان کر بہت خوشی ہوگی اگر بھارتی وزیراعظم نے پاکستان یہ پیغام بھجوایا ہے کہ وہ انتخابات جیتنے کے بعد ہندو انتہا پسند تنظیم آر ایس ایس پر پابندی لگائیں گے اور مقبوضہ کشمیر سے بھارتی فوج کو واپس بلائینگے،اگر بھارتی وزیراعظم نے ایسا کوئی پیغام پاکستان بھجوایا ہے تو پھر میں عوامی سطح پر ان اقدامات کو سراہوں گا۔