َّلاہور( آن لائن )سانحہ ساہیوال میں جاں بحق خلیل کے والد نے کہا ہے کہ مجھے حکومت کی جانب سے دیے گئے چیکس سے بھی سکون نہیں ملے گا تاہم اگر قاتلوں کو سزاد ملے تو سکون سے گھر بیٹھ جائیں گے ۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مقتول خلیل کے والد آبدیدہ ہوگئے اور کہا کہ میرا رونا تو کبھی ختم نہیں ہوگا مجھے حکومت کی جانب سے دئیے گئے چیکس سے کبھی سکون نہیں ملے گا تاہم اگر ہمیں انصاف مل جائے تو گھر
سکون سے بیٹھ جائیں گے ، قاتلوں کو سزا ملے گی تو ہی مطمئن ہوں گے ۔ مقتول خلیل کے بھائی جلیل نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات میں ہم نے تین مطالبات کیے جس پر وزیر اعظم نے عملدرآمد کی یقین دہانی کروائی ۔ان میں سے پہلا مطالبہ سانحہ ساہیوال پر جوڈیشل کمیشن کا قیام ، دوسرا ہمارے خلاف کاٹی گئی ایف آئی آر کا خاتمہ اور تیسرا مقدمہ لاہور ٹرانسفر کرنے کا مطالبہ تھا جن پر عملدرآمد کی وزیر اعظم نے یقین دہانی کروائی ہے۔