اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)گزشتہ دنوں لاہور سے اسلام آباد بذریعہ موٹروے آنے والی پرائیویٹ ٹرانسپورٹ کمپنی کی بس میں موجود مسافر کی جانب سے خاتون بس ہوسٹس کو ہراساں کرنے کا واقعہ پیش آیا تھا۔اپنے آپ کو ایف آئی اے کا اہلکار بتانے والے مسافر نے خاتون بس ہوسٹس سے پانی طلب کیا تاہم بعد ازاں کسی بات پر بھڑک اٹھا تھا اور خاتون کو نازیبا الفاظ میں دھمکیاں دینے لگا۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد لوگوں نے انسانی حقوق کی وزیر شیریں مزاری سے اس واقعہ پر ایکشن لینے کا مطالبہ کیا تھا۔بتایا گیا ہے کہ دو پولیس اہلکاروں کو ڈیوٹی پر غفلت برتنے پر معطل کر دیا گیا ہے۔جب کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے ایک کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے۔مذکورہ کمیٹی اپنی تحقیقات مکمل کرنے کے بعد رپورٹ اعلیٰ حکام کو جمع کروائے گی۔