لاہور(این این آئی ) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب امجد جاوید سلیمی نے خانیوال کے علاقہ موضع 4/8-ARکچا کھوہ میں شوہر کی جانب سے بیوی اورپانچ بچوں کو آگ لگانے کے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او خانیوال سے واقعہ کی مکمل رپورٹ طلب کی تھی جس پر ڈی پی او محمد معصوم نے رپورٹ آئی جی پنجاب کو پیش کردی ہے ۔رپورٹ کے مطابق تھانہ کچا کھوہ کے علاقے میں نذر نامی شخص نے اپنی بیوی مریداں بی بی سے ہونے والے گھریلو جھگڑوں پر طیش میں آکر مریداں بی بی سمیت اپنے بچوں
ریحان ، امرین، نمرہ ، شازیہ اور گھر آنے والی مہمان صفیہ بی بی کو کمرے میں بند کرکے آگ لگا دی اور خود دروازہ لاک کرکے موقع سے فرار ہوگیا ۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم ایس ایچ او تھانہ کچا کھوہ کی قیادت میں جائے واردات پر پہنچی اور تمام زخمیوں کو ریسکیو1122کی معاونت سے ٹی ایچ کیو ہسپتال میاں چنوں منتقل کیا گیا ۔ ڈی پی او خانیوال نے ڈی ایس پی صدر خانیوال کی سربراہی میں ملزم کی گرفتاری کیلئے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ہے جبکہ ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں ۔