اسلام آباد (این این آئی)لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس فرخ عرفان نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا ہے ۔ منگل کو لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس فرخ عرفان نے استعفیٰ صدر مملکت کو بھجوادیا نجی ٹی وی کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے استعفیٰ منظور کرلیا جسٹس فرخ عرفان نے اپنے استعفے کے حوالے سے سپریم جوڈیشل کونسل کو بھی آگاہ کر دیا ہے جس کے بعد سپریم جو ڈیشل کونسل نے کارروائی بھی ختم کر دی ۔چیف
جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس چل رہا تھا۔ یاد رہے کہ جسٹس فرخ عرفان کا نام آف شور کمپنیوں میں بھی آیا تھاجسٹس فرخ عرفان کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل نے کارروائی شروع کررکھی تھی، منگل کو کیس میں گواہیاں مکمل ہونی تھیں اور جسٹس فرخ عرفان کا بیان بھی ریکارڈ ہونا تھا، تاہم جسٹس فرخ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا جس کے بعد سپریم جوڈیشل کونسل نے ان کے خلاف کارروائی ختم کردی ہے۔