راولپنڈی(این این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے رات گئے راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا اچانک دورہ کیا۔وزیر اعلی نے مختلف وارڈز، سی ٹی انجیومشین اور دیگر شعبوں کا دورہ کیااور ہسپتال میں موجود طبی سہولتوں اور جدید آلات کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔
انہوں نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے بات چیت کی اور علاج کی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔مریضوں نے اپنے تاثرات میں کہا کہ راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی دل کے مریضوں کے لئے نعمت سے کم نہیں ۔ وزیر اعلی نے ہسپتال کے ڈاکٹروں اور عملے سے بھی ان کے مسائل پوچھے۔انہوں نے کہا کہ آر آئی سی کو کارڈیو ویسکولرڈیزیززسنٹر بنانے کی تجویز کا جائزہ لیں گے۔آر آئی سی کے ماڈ ل کو ڈیرہ غازی خان اور کوئٹہ میں پنجاب حکومت کے تعاون سے بننے والے ہسپتال میں بھی اپنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں دل کے مریضوں کو علاج کی اعلی ترین طبی سہولتیں فراہم کریں گے اور آرآئی سی کو مریضوں کے مفت علاج کے لئے ممکنہ وسائل فراہم کئے جائیں گے ۔ وزیر اعلی نے کہا کہ ہماری حکومت صحت کے شعبہ میں انقلابی اصلاحات لارہی ہے اورمریضوں کو ہسپتالوں میں معیاری علاج معالجہ فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔وزیر اعلی عثمان بزدار کو ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں اور جدیدآلات کے بارے میں متعلقہ حکام نے تفصیلی بریفنگ دی۔صوبائی وزراء راجہ بشارت، راجہ راشد حفیظ ، ارکان اسمبلی ، سیکرٹریز اور متعلقہ حکام بھی اس موقع موجود تھے-