اسلام آباد( آن لائن )دنیا بھر میں صحت کی سہولیات کے مراکز میں پانی کی قلت سے2 ارب افراد متاثر ہو رہے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)کی رپورٹ کے مطابق غریب ممالک میں صحت کے نصف مراکز میں صفائی کے لئے پانی جیسی بنیادی سہولت بھی دستیاب نہیں ہے۔
جبکہ دستیاب پانی نو مولود بچوں اور مائوں کے لئے کئی بیماریوں کا سبب ہے۔ رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں سالانہ 10 لاکھ اموات کا سبب بچوں کی پیدائش کے دوران صفائی کی سہولیات کی عدم دستیابی ہے اور اسی طرح صحت کی سہولیات کے مراکز میں آنے والے مریضوں کی 15 فیصد تعداد پانی کی قلت اور صفائی کے ناقص انتظامات کی وجہ سے انفیکشن میں مبتلا ہو جاتی ہے۔ رپورٹ میں ہسپتالوں کو صحت کے مراکز کی بجائے انفیکشن اور بیماریاں پیدا کرنے والی جگہیں قرار دیاگیا ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق دنیا میں صحت کی سہولیات کے مراکز پر900 ملین افراد کو پانی دستیاب نہیں ہے یا وہ غیر محفوظ پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ اسی طرح ہر پانچ میں سے صحت کے ایک مرکز پر ٹائلٹ کی سہولت دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے دنیا بھر میں 1.5 ارب افراد متاثر ہو رہے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت نے دنیا بھر کے ممالک کو خبر دار کیا ہے کہ صحت جیسی بنیادی ضرورت کے مراکز پر پانی کی دستیابی اور صفائی کو یقینی بنائیں تاکہ 2 ارب افراد کو طبی پیچیدگیوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔