لاہور( این این آئی )وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے )نے ڈالر کی ذخیرہ اندوزی ،منی لانڈرنگ اور حوالہ ہنڈی کے خلاف کارروائیاں تیز کردیں ،ڈالر ذخیرہ کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے پنجاب زون ون وقار عباسی کی جانب سے ڈالر کی ذخیرہ اندوزی ، منی لانڈرنگ اور حوالہ ہنڈی کے خلاف کارروائیوں کے لئے بینکنگ سرکل اور کارپوریٹ کرائم کو ہدایات جاری کردی ہیں۔ اسی تناظر میں ایف آئی اے نے ذخیرہ اندوزی کر کے مصنوعی قلت پیدا کرنے کی غرض سے ڈالرز کی ذخیرہ اندوزی کرنے والے
دو ملزمان حسن غلام غوث اور عمر ڈار کو گرفتار کر لیا ۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزموں نے روپے کی قیمت کو گرانے کے لئے ڈالر کی ذخیرہ اندوزی کی، ڈالر کی ذخیرہ اندوزی سے مصنوعی قلت پیدا کی گئی اورڈالر کی مصنوعی قلت سے ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہوا۔ ایف آئی اے کے مطابق 6 ٹیموں نے لاہور کی منی ایکسچینجز پر چھاپے مارے اور ریکارڈ کا معائنہ کیا،کروڑوں مالیت کے ڈالرز اور پاکستانی کرنسی قبضے میں لے لی گئی۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزموں کے خلاف متعلقہ سرکلز میں مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔