اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہاہے کہ پاکستان پوسٹ پیر سے پوری دنیا کیلئے ای ایم ایس پلس سروس کاآغاز کریگا ۔ اتوار کو وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید کا محکمہ ڈاک سے متعلق اپنے بیان میں کہاکہ قوم کو خوشخبری دیتے وقت نہایت مسرت محسوس کررہا ہوں۔مراد سعید نے کہاکہ 7 ممالک میں کامیاب آزمائشی سروس کے بعد پاکستان پوسٹ کا خدمات کا دائرہ پوری دنیا تک وسیع کرنے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان پوسٹ پیر سے پوری دنیا کیلئے ای ایم ایس پلس سروس کا آغاز کریگا۔انہوں نے کہاکہ محض 72 گھنٹوں کے کم وقت میں امریکہ، کینیڈا آسٹریلیا سعودیہ امارات انگلینڈ جاپان سمیت پچاس ممالک میں سامان کی محفوظ ترسیل کی جائیگی۔انہوں نے کہاکہ سامان کی ترسیل کے اخراجات بھی دیگر نجی کمپنیوں سے کہیں کم وصول کئے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ اس سستی اور تیزترین سروس سے عوام نہ صرف اندرون و بیرون ملک اشیاء بھجوائیں گے بلکہ اس سے ہماری برآمدات، ای کامرس اور آن لائن بزنس کی بھی افزائش ہو گی۔انہوں نے کہاکہ نادرا کے ساتھ مل کر پاکستان پوسٹ فرنچائز کی یہ سروسز پیر سے فعال ہو جائیں گی۔انہوں نے کہاکہ چند ماہ کی قلیل مدت میں فرنچائزز کی تعداد پندرہ ہزار سے تجاوز کرنے کے امکانات نہایت روشن ہیں۔انہوں نے کہاکہ ملک بھر کے 170 شہروں میں نارا کی 611 فرنچائزز کی نشاندہی کرچکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اسلام آباد میں 23، لاہور میں 34، کراچی میں 16 اور راولپنڈی میں 13 فرنچائزز منتخب کی گئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ پشاور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، کوئٹہ اور سوات کیلئے بالترتیب 22، 12، 23، 7 اور 15 فرنچائزز کا انتخاب کیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان پوسٹ گزشتہ چند ماہ کے دوران ای ایم او، پارسلز کی لائیو ٹریکنگ، موبائل ایپلی کیشن، ارجنٹ میل سروس اور اسی روز ترسیل جیسی خدمات کا آغاز کرچکا ہے۔ مراد سعید نے کہاکہ مسلسل نقصانات اٹھانے والا اہم قومی ادارہ نہایت تیزی سے منافع بخش بنتا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان پوسٹ، سب کا دوست” کے سلوگن کے تحت اسے صحیح معنوں میں قومی اثاثہ بنائیں گے۔