پشاور(این این آئی)صوبائی حکومت نے میگا بس منصوبے بی آر ٹی کے آزمائشی سفر کے دوران خاتون لبنیٰ کے جاں بحق ہونے کا نوٹس لے لیا جس پر پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت نے ڈپٹی کمشنر پشاور سےواقعہ کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے
مکمل تحقیقات کا حکم دیا جس کے بعد فوراً بعد فرار ہونے والے بس ڈرائیور کو پولیس نے پشاور کےعلاقے حیات آباد سے گرفتار کرلیا۔پولیس حکام کے مطابق بی آر ٹی بس کا ڈرائیور انجینئر سنان گزشتہ روز خاتون لبنیٰ کو ٹکر مارنے کے واقعے کے بعد فرار ہوگیا تھا۔بس حادثے میں جاں بحق ہونے والی خاتون لبنیٰ کا تعلق چارسدہ کی تحصیل تنگی سے تھا، جسے نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد سپرد خاک کردیا گیا ہے تاہم خاتون کے اہل خانہ کی جانب سے حکومت سے انصاف کا مطالبہ کیا ہے ۔واضح رہے کہ گزشتہ روز خاتون فیز تھری چوک پر سڑک پار کر رہی تھی کہ بی آر ٹی بس کی زد میں آکر جاں بحق ہوئی جس کے بعد بی آر ٹی بس کی آزمائشی سروس عارضی طور پر بند کردی گئی تھی۔یاد رہے کہ خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے چند روز قبل ہی خیبر پختونخوا حکومت نے بی آر ٹی بسوں کی آزمائشی سروس شروع کی تھی۔دو روز قبل خیبر پختونخوا کی انسپکشن ٹیم نے اپنی رپورٹ میں بھی بی آر ٹی منصوبے میں کئی خامیوں کی نشاندہی کی ۔