اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم عمران خان اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف کے درمیان سوشل میڈیا پر ’’لفظی جنگ‘‘ شروع ہو گئی ،وزیر اعظم کے ٹویٹ پر مسلم لیگ (ن )کے صدر اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے جواب دیا تو خواجہ آصف بھی پیچھے نہ رہے ۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ روز مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ
’’ آنحضرت ؐنے فرمایا تم سے پہلے کئی قومیں تباہ ہوئیں جہاں طاقتور کیلئے ایک قانون اور کمزور کیلئے دوسرا قانون تھا۔وزیر اعظم عمران خان کے اس ٹویٹ پر مسلم لیگ (ن )کے صدر شہباز شریف میدان میں آئے اور جوابی ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’’آپ سے بالکل متفق ہوں، بدقسمتی سے حال ہی میں حکمرانوں کے بنی گالہ محل ریگولر ہو گئے جبکہ غریبوں کی جھونپڑیاں رات و رات گرا دی گئیں، اللہ ہمیں قول و فعل کے تضاد سے بچائے اور سیدھی راہ پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے‘‘۔وزیر اعظم عمران خان کے ٹویٹ پر شہباز شریف کے جوابی ٹویٹ کے بعد مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر ایک نئی بحث چھڑ گئی اور دونوں بڑی سیاسی شخصیات کے حمایتی اپنے اپنے انداز میں ایک دوسرے کو تنقید کا نشانہ بنانا شروع کر دیا مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ محمد آصف نے بھی سوشل میڈیا پر شہباز شریف کی ٹویٹ کو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی ٹویٹ پر شہباز شریف کا بہترین جواب۔