سانگہ ہل(آن لائن )سابق وائس چیرمین میونسپل کمیٹی سانگلہ ہل چوہدری علی عمران کے 35سالہ بھتیجے نعمان بابر کو جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن میں بھتہ نہ دینے پر اسکے سٹور کے اندر سیاہ فارم افراد کے ہاتھوں قتل کردیا گیا ۔مقتول کی نعش بدھ کو اسکے آبائی علاقے سانگہ ہل لائی جائیگی ۔تفصیلات کے مطابق چوہدری علی عمران کا بھتیجا نعمان بابر گزشتہ پانچ سال سے جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن میں اپنا سٹور چلارہا تھا ۔وہاں نامعلوم سیاہ فارم نوجوان سٹور پر آئے اور سامان کی خریداری کے بہانے
اس سے بھتہ طلب کیا جس پر اس نے انکار کردیا تو انہوں نے اسے فائرنگ کرکے قتل کردیا ،کیپ ٹاؤن پولیس نے نعش اپنی تحویل میں لے لی ہے ۔ملزمان واردات کے بعد فرار ہوگئے ،مقتول کے والد بابر حسین نے بتایا کہ میرا بیٹا پانچ سال سے کیپ ٹاؤن میں اپنا سٹور چلا رہا تھا وہ میرا اکلوتا بیٹا تھا،واقعہ کی اطلاع ملتے ہی گھر میں کہرام مچ گیا اور صف ماتم بچھ گیا ، مقتول نے جنوبی افریقہ میں ہی شادی کررکھی ہے جہاں اسکا ایک بیٹا بھی ہے۔ مقتول کی نعش بدھ کواسکے آبائی علاقے سانگہ ہل لائی جائیگی۔