اسلام آباد ( آن لائن ) حکومت کی جانب سے مجوزہ ٹیکس ایمنسٹی سکیم کا مسودہ حتمی مرحلے میں داخل‘ وزیراعظم نے کل (پیر کو) اعلیٰ سطح اجلاس طلب کرلیا۔ بے نامی اثاثوں کو 25 فیصد ادائیگی پر قانونی قرار دینے‘ بیرون ملک اثاثے وطن لانے پر ٹیکس کی معمولی شرح اور ٹیکس چوری کو قابل گرفت جرم بنانے کی تجویز ہے جبکہ موجودہ حکمت کی یہ پہلی اور آخری ٹیکس ایمنسٹی سکیم ہوگی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کاروباری طبقے کے مطالبے پر مجوزہ حکومتی ٹیکس ایمنسٹی سکیم کا مسودہ حتمی مرحلے میں داخل ہوچکا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے پیر کے
روز اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔ مجوزہ سکیم میں تین قسم کے اثاثے ظاہر کرنے والوں کو رعایت دینے کی تجویز ہے۔ سکیم کے مطابق بے نامی اثاثوں کو ظاہر کرنے کی تجویز شامل ہے بے نامی اثاثوں کو ظاہر کرنے پر پچیس فیصد ادائیگی پر قانونی قرار دیا جائے گا۔ ملک کے اندر اور باہر کے اثاثے طاہر کرنے کی الگ الگ شرح طے کی جارہی ہے۔ بیرون ملک اثاثے وطن لانے پر ٹیکس کی شرح کم سے کم رکھی جائے گی۔ جبکہ ٹیکس چوری کو قابل گرفت جرم تصورکیا جائے گا۔ موجودہ حکومت کی طرف سے مجوزہ ٹیکس ایمنسٹی سکیم پہلی اور آخری سکیم ہوگی۔