راولپنڈی(این این آئی)وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے وزارت سے استعفیٰ طلب کر نے کی خبروں کو سختی سے مسترد کر تے ہوئے کہاہے کہ مجھ سے کسی نے استعفیٰ نہیں مانگا ،عمران خان کو لٹا ہوا پاکستان ملا ، صورتحال ٹھیک ہوگی اور اگلا الیکشن بھی جتیں گے،احسن اقبال پڑھے لکھے جاہل ہیں تو میں کیا کروں، چوہدری نثار کی کوئی حیثیت نہیں ہے ۔
زرداری کی چیخیں نکل رہی ہیں۔وفاقی وزیر پٹرولیم سرور خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میرا دفتر ہمیشہ عوام کیلئے کھلا رہتا ہے۔انہوں نے کہاکہ میں شجرکاری کے حوالے سے پودا لگایا ہے،ایک لاکھ پودے شہر میں لگانے کا ہدف ہے۔ انہوں نے کہاکہ میں نے اپنی وزارت سے دوہزار پودے لگائے ہیں۔انہوں نے کہاکہ صحت مند آب و ہوا کیلئے درخت لگانا بہت لازم ہے۔ انہوں نے کہاکہ مجھ سے کسی نے بھی استعفیٰ طلب نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ ہر نہ ہونے والی چیز کو خبر بنا لیا جاتا ہے اس کو دیکھا جائے۔ انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی مارکیٹ میں 9 ڈالر فی بیرل اضافہ ہوا،اوگرا قیمت کا تعین کرتی اور ہم سفارشات دیتے ہیں اس اضافہ کے باوجود وفاقی حکومت کو دس ارب سب سڈی دینی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان بنگلہ دیش نیپال سری لنکا سے پاکستان میں پٹرول سستا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی منڈی کے مطابق 12 روپے ہی اضافہ ہونا چاہیے تھا۔انہوں نے کہاکہ چوالیس سو میٹر سمندر میں ڈرلنگ ہوچکی ہے،پچپن سو میٹر ڈرلنگ ہمارا ہدف ہے اور اس کے بعد پتا چلے گا۔انہوں نے کہاہ ڈرلنگ کے بعد نکلنے والی مٹی سے معلوم ہوتا ہے کہ تیل گیس موجود ہے۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کو لٹا ہوا پاکستان ملا ، صورتحال ٹھیک ہوگی اور اگلا الیکشن بھی جتیں گے۔
انہوں نے کہاکہ اگر احسن اقبال پڑھے لکھے جاہل ہیں تو میں کیا کروں۔ انہوں نے کہاکہ اگر اتنی گیس ہوتی تو ملک کے باہر سے کیوں گیس لیتے۔ انہوںنے کہاکہ ملک کو جمہوریت کے نام پر کئی بار دونوں پارٹیوں نے لوٹا۔انہوں نے کہاکہ چوہدری نثار کی کوئی حیثیت نہیں ہے اس بچارے کو کچھ سمجھ نہیں آتی۔انہوں نے کہاکہ آٹھارویں ترمیم کسی جگہ زیر بحث نہیں آئی نہ ہی کابینہ میں اس کا ذکر ہوا۔صحافی نے سوال کیا کہ آپ کس کس کی چیخیں نکلوانا چاہتے ہیں؟ غلام سرور خان نے کہاکہ زرداری کی چیخیں نکل رہی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ شیخ رشید احمد کے بارے میں کچھ بھی نہیں کہونگا۔