اسلام آباد (این این آئی) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دور ان موسم خشک اور گرم رہے گا۔ جنوبی پنجاب اور سندھ میں گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہا تاہم جنوبی پنجاب اور سندھ میں گرم رہا،مالاکنڈ ڈویژن میں چند مقامات پر بارش ہوئی۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ گرمی سندھ میں مٹھی اور شہید بینظیر آباد میں رہی، جہاں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔چھور، لسبیلہ، پڈ عیدن میں 44، جیکب آباد، رحیم یار خان، تربت، لاڑکانہ، سکھر، دادو اور سکرنڈ میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے اکثر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، جبکہ جنوبی پنجاب اور سندھ میں گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیا ت کے مطابق لاہور اور گردو نواح میں اگلے 3 روز تک موسم گرم اورخشک رہے گا، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 اور 37سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔لاہورشہر میں کبھی ہلکی اور کبھی تیز ہوائیں چلتی رہیں گی، دن کے اوقات میں موسم جزوی طورپر ابر آلود بھی رہے گا، جمعے کو لاہورمیں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیاتھا۔ادھر ملتان میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی بادام کی سردائی سمیت مختلف مشروبات فروخت کر نے والے افراد نے اسٹال سجالیے ہیں ۔