لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) سوشل میڈیا پر مسجد کے باہر لگایا گیا ایک بینر وائرل ہے، اس بینر میں لکھا ہوا ہے کہ ’’دوران نماز اگر کسی بھائی کے موبائل فون کی ٹیون بجی تو اس بھائی سے 200 روپے ہدیہ وصول کیا جائے گا۔‘‘ یہ بینر جامع مسجد زینب کی انتظامیہ کی جانب سے لگایا گیا ہے جو کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہے، بعض لوگ جب نماز پڑھنے مسجد میں جاتے ہیں تو وہ اکثر اپنے موبائل کو سائلنٹ کرنا یا بند کرنا بھول جاتے ہیں اور دوران نماز جب فون کی
گھنٹی بجتی ہے تو تمام نمازیوں کی توجہ اس طرف چلی جاتی ہے جس سے نماز میں ہرج ہوتا ہے۔ ایسے لوگوں کے لیے مسجد انتظامیہ نے یہ جرمانہ رکھ دیا ہے اور اس پر سوشل میڈیا صارفین اپنے تاثرات کا اظہار بھی کر رہے ہیں، کسی نے کہا کہ موبائل کے سپیکر کو کھلا چھوڑنا مسجد کے آداب کی خلاف ورزی ہے اور کسی نے کہا کہ مسجد عبادت کی جگہ ہے اور وہاں انسان عبادت کرنے جاتا ہے اور اس موقع پر تمام دنیاوی چیزوں سے دور رہنا چاہیے۔