اسلام آباد (این این آئی)حکومت اور اپوزیشن کے درمیان الیکشن کمیشن ارکان کی تعیناتی کے معاملے پر تنازعہ شدت اختیار کر گیا ، مسلم لیگ (ن)نے وزیر اعظم عمران خان کے خط کا جواب دینے کا فیصلہ کر لیاہے (آج) جمعرات کو شہباز شریف خط وزیر اعظم کو ارسال کریں گے۔ذرائع کے مطابق بدھ کو مسلم لیگ ن پارلیمانی ایڈوائزری گروپ کے اجلاس میں خط کا مسودہ تیار کر لیا گیا ہے۔ مسودے کی تیاری کے لیے لیگی رہنماؤں اور ماہر قانون کامران مرتضیٰ نے تفصیلی مشاورت کی ۔ خط کا جواب رانا ثناء اللہ اور کامران مرتضی نے باہمی
مشاورت سے تیار کیا۔ ذرائع کے مطابق خط کا جواب سپریم کورٹ کے الیکشن ارکان کی تقرری سے متعلق فیصلوں کی روشنی میں تیار کیا گیا ہے۔ خط میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلوں میں ممبران کی تقرری کا طریقہ کار واضح ہے، الیکشن کمیشن ممبران کی تقرری آئین و قانون کے مطابق ہونا چاہیے۔ وزیر اعظم نے ارکان کیلئے نام پہلے تجویز کیے ، مشاورتی عمل بعد میں شروع کیا جا رہا ہے۔خط میں کہا گیا کہ وزیر اعظم کے خط سے قبل دو خطوط آئین کے منافی تھے۔ وزیر اعظم آئینی طریقہ کار کو اختیار کریں اور تمام عمل کا ریکارڈ بنایاجانا چاہیے۔