اسلام آباد ( آن لائن ) جعلی اکاؤنٹس کیس میں ریفرنس دائر ہوتے ہی اہم پیش رفت، نیب نے سابق صدر آصف علی زرداری کے فرنٹ مین ‘ یونس قدوائی سے ساٹھ کروڑ روپے کی ریکوری کرلی۔ یونس قدوائی پر لائبریری اور مندر کی زمین غیر قانونی طور پر الاٹ کرانے کا الزام ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کے روز نیب کی جانب سے جعلی اکاؤنٹس کیس کا پہلا ریفرنس دائر ہوتے ہی نیب کو اہم کامیابی ملی ہے۔ پہلے عبوری ریفرنس کے مرکزی ملزم یونس قدوائی نے ساٹھ کروڑ
مالیت کا پلاٹ نیب کو دے دیا۔ ملزم یونس قدوائی پر کراچی میں مندر اور لائبریری کی زمین غیر قانونی طور پر الاٹ کرانے کا الزام تھا جبکہ ملزم یونس قدوائی سابق صدر آصف علی زرداری کا فرنٹ مین اور پاک لین سٹیٹس کمپنی میں ان کا بزنس پارٹنر ہے۔ یونس قدوائی نے تحریری طور پر ساٹھ کروڑ روپے مالیت کی زمین نیب راولپنڈی کو واپس کردی ہے نیب نے گزشتہ روز ہی یونس قدوائی سمیت آٹھ دیگر ملزمان کے خلاف جعلی اکاؤنتس کیس کا پہلا عبوری ریفرنس دائر کیا تھا۔