کراچی(این این آئی)ماہر معاشیات اور سابق مشیرخزانہ ڈاکٹر سلمان شاہ نے کہاہے کہ ملک میں بحران بیلنس آف پیمنٹ سے شروع ہوا، اس حکومت کو بہت بڑا اکاؤنٹ خسارہ ملا، حکومت کو 28 ارب ڈالر کی ضرورت تھی لیکن تب 12 ارب ڈالر پاس تھے۔خصوصی گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دوست ممالک سے سپورٹ حاصل کرنے کا پہلا قدم اچھا تھا، قرضوں کی واپسی اور نئے قرضے کے حصول کے لیے عالمی دنیا
کے پاس آئی ایم ایف کے بغیرجانا مشکل تھا۔ڈاکٹر سلمان شاہ نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام نہیں کریں گے تو کریڈٹ ریٹنگ کم ہوگی اور اصلاحاتی ایجنڈے کے لیے بھی گنجائش کم رہ جائے گی، اگر حکومت نے پیداوار اچانک زیادہ بڑھانا شروع کی تو معاشی ماحول زیادہ خراب ہوگا۔انہوں نے کہاکہ حکومت کے اقدامات کا اثر ابھی نظرنہیں آیا، یہ چند ماہ میں پتہ لگے گا لیکن کسی بھی عمل کا فوری نیتجہ نہیں آسکتا۔