پشاور(اے این این )پشاور میں میٹرو بس کا خواب تا حال ادھورا، قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان،انفرا سٹرکچر تباہ کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق بی آر ٹی منصوبے نے نہ صرف شہر کا حلیہ بگاڑ دیا ہے بلکہ اس کے باعث قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان بھی ہوا ہے۔
خیبرپختونخوا حکومت کے بی آر ٹی منصوبے کے باعث چمکنی سے حیات آباد تک 25 ہزار پودے، سینکڑوں قدیمی درخت اور تاریخی مقامات متاثرہوئے۔ 27 کلو میٹر طویل روٹ کے لیے حیات آباد، یونیورسٹی روڈ، صدر، گلبہار اور چمکنی میں نہ صرف انفراسٹرکچر تباہ کردیا گیا بلکہ کروڑوں روپے سے بنائی گئی گرین بیلٹ کو بھی توڑ پھوڑ دیا گیا۔ناقص منصوبہ بندی اور غفلت کی وجہ سے حکومتی خزانے کو بی آر ٹی منصوبے کے باعث کروڑوں روپے نقصان کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ذرائع ابلاغ کو حاصل دستاویزات کے مطابق کے بی آر ٹی منصوبہ شروع کرنے سے پہلے حکومت نے کلین اینڈ گرین منصوبہ شروع کیا جس میں چمکنی سے پیر زکوڑی پل تک پودے لگانے اور گرین بیلٹ پر 96 ملین روپے خرچ کئے گئے۔گلبہار فلائی اوور میں پودے لگانے اور تزئین و آرائش پر 19 ملین روپے جب کہ رنگ روڈ سے چارسدہ روڈ فلائی اوور تک گرین بیلٹ پر پودے لگانے اور خوبصورتی کے لیے 38 ملین روپے خرچ کیے گئے تاہم پشاور بی آرٹی منصوبہ کی وجہ سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچاہے۔