لاہور (آن لائن) جناح ایکسپریس میں عوامی دلچسپی انتہائی کم ریکارڈ، 678 مسافروں کی گنجائش پر مبنی بوگیوں میں یکم اپریل کی تاریخ میں صرف 150 مسافروں نے ٹکٹیں خرید رکھی ہیں جو لاہور سے کراچی جائیں گے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پاکستان ریلویز نے ٹرین کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے مسافروں کو ایک ماہ کی بجائے دو ماہ کی کسی بھی تاریخ میں ٹکٹیں خریدنے کے مواقع فراہم کر رکھے ہیں اور 48 گھنٹے قبل ٹکٹ خریدنے والے
مسافر کو ٹکٹ کی مجموعی مالیت میں 5 فی صد کی رعایت بھی دے رکھی ہے لیکن اب تک یکم اپریل سے 10 اپریل تک دونوں اطراف سے صرف چند ٹکٹیں فروخت ہو سکی ہیں۔ اس حوالے سے مسافروں کا کہنا ہے کہ ٹکٹوں کی قیمت جو ساڑھے چھ ہزار روپے فی کس ہے مسافروں کی پہنچ سے دور ہیں۔ اس لئے وہ سستی گاڑیوں کی ٹکٹوں کو ترجیح دے رہے ہیں واضح رہے کہ کل 2 اپریل تاریخ میں اب تک لاہور سے کراچی کے لئے تین ٹکٹیں فروخت ہو سکی ہیں۔