لاہور( این این آئی)وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد نے کہا ہے کہ بلاول نے عوام کیلئے نہیں بلکہ اپنے والد کی کرپشن بچانے کیلئے ٹرین مارچ کیا جسے کوئی پذیرائی نہیں ملی ، نیب خود مختار ادارہ ہے اور حکومت احتساب کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالے گی ،
(ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کے درمیان نیا اتحاد نہیں ہو رہا بلکہ دونوں نے ملک و قوم کا پیسہ لوٹنے کیلئے کئی دہائیوں سے مک مکا کر رکھا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 127 کے دورہ کے موقع پر تحریک انصاف کے دفتر میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ ، میاں رضوان، مہر وسیم، تنویر احمد اور دیگر بھی موجود تھے۔ وزیر مملکت علی محمد نے کہا کہ موجودہ حکومت کو کوئی سیاسی چیلنج درپیش نہیں بلکہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت کی بہترین کارکردگی کی وجہ سے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کو اپنی بقاء کا چیلنج درپیش ہے ۔وزیر اعظم عمران خان ملک کو مشکلات کے بھنور سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں اور عوام سے وعدہ ہے کہ انہیں مایوس نہیں کریں گے ۔ جمشید اقبال چیمہ نے علی محمد کو حلقہ این اے 127میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ جس طرح کے مرضی ہتھکنڈے استعمال کر لیں عوام اب ان کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے ۔ تحریک انصاف نے عوام کی خدمت کرنے ،شفافیت اور کرپشن سے پاک سیاست اور حکومت کرنے کی روایت ڈال دی ہے جس کی وجہ سے کرپشن کی آبیاری کرنے والے بے حال ہو رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ انشا اللہ تحریک انصاف اپنے منشور کے تمام نکات پر مکمل عملدرآمد کرے گی اور پانچ سال بعد پاکستان ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہوگا ۔