بہاولپور(سی پی پی )گورنمنٹ ایس ای کالج میں پروفیسر خالد حمید کے قتل کے الزام میں تحریک لبیک پاکستان کے قومی اسمبلی کے امیدوار کو گرفتارکرلیا گیاہے ۔پولیس ذرائع نے میڈیا کو بتایا کہ گرفتار ملزم سید ظفر گیلانی کا انسداد دہشت گردی عدالت سے 15 روزہ جسمانی ریمانڈ بھی حاصل کرلیا گیاہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پروفیسر خالد حمید کے قتل کی تفتیش کے سلسلے میں کہروڑ پکا ، رحیم یار خان ، ڈی جی خان سمیت مختلف شہروں سے 5 افراد بھی زیر حراست لیے گئے ہیں۔آرگنائزڈکرائم سیل کی جانب سے قتل کے محرکات پر تحقیقات جاری ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق زیر تفتیش افراد کو سوشل میڈیا لنکس کے ذریعے ٹریس کیا گیا۔ قاتل طالب علم خطیب حسین کا امیدوار قومی اسمبلی حلقہ این اے 187ظفر گیلانی سے رابطہ تھا۔ گرفتار ملزم ظفر گیلانی کاتعلق ضلع لیہ سے ہے۔ خطیب حسین پروفیسر کے قتل سے ایک رات قبل وٹس ایپ کے ذریعے ظفر گیلانی سے رابطے میں تھا۔ خطیب حسین کی آخری کال بھی ظفر گیلانی سے ہوئی ہے۔ یاد رہے کہ 20مارچ کو بہاولپور کے گورنمنٹ صادق ایجرٹن کالج میں طالب علم نے چھریوں کے پے درپے وار کرکے اپنے ہی استاد پروفیسر خالد حمید کو قتل کردیاتھا۔