کراچی(اے این این )سندھ حکومت نے صوبے بھر میں پولیس کی وردی تبدیلی کرنے کی منظوری دیدی ہے۔سندھ حکومت نے آئی جی سندھ کلیم امام کی جانب سے پولیس یونیفارمز تبدیل کرنے کی تجاویز کی باقاعدہ منظوری دیدی ہے۔
پائیلٹ پروجیکٹ کے تحت ابتدائی مرحلے میں سندھ پولیس کے پانچ یونٹس بشمول ٹریفک پولیس، سی آئی اے، اینٹی رائٹس ریزرو پلاٹونز، فارنزک ڈویژن سندھ اور سینٹرل پولیس آفس میں تعینات افسران اور جوانوں کے یونیفارمز تبدیل کیے جارہے ہیں جس پر عمل درآمد باقاعدہ پروکیورمنٹ کے بعد کیا جائے گا۔ٹریفک افسران کے یونیفارمز کا رنگ وائٹ شرٹ، نیوی بلیو پینٹ جب کہ نیوی بلیو پی کیپ پر مشتمل ہے، ٹریفک اہلکاروں کے یونیفارمز کا رنگ ہاف سلیو وائٹ ٹی شرٹ، نیوی بلیو پینٹ اور نیوی بلیو پی کیپ پر مشتمل ہوگا۔اسی طرح سینٹرل پولیس آفس و دیگر مذکورہ تمام یونٹس کے افسران کے یونیفارمز ڈارک بلیو شرٹ، نیوی بلیو پینٹ اور نیوی بلیو پی کیپ پر مشتمل ہوں گے۔ علاوہ ازیں ہیڈ کانسٹیبلز اور کانسٹیبلز کے یونیفارمز میں ڈارک بلیو ہاف سلیو شرٹ، نیوی بلیو پینٹ اور نیوی بلیو پی کیپ شامل ہیں جبکہ بیلٹ کی چوڑائی کو بھی دو انچ کیا جارہا ہے۔