رحیم یار خان،اسلام آباد (این این آئی،آن لائن) جنوبی پنجاب کے شہر رحیم یار خان میں بدھ کے روز شدید گرمی پڑنے سے ٹمپریچر 38 تک پہنچ گیا اور بجلی کی آنکھ مچولی جاری رہی جس کی وجہ سے شہر بھر میں عوام کا رش بھی کم رہا۔ لوگوں نے گنے کے جوس اور دوسرے ٹھنڈے مشروبات پینا شروع کردئیے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ماہ اپریل سے جنوبی پنجاب میں شدید گرمی پڑنے کا امکان ہے-دوسری جانب محکمہ موسمیات نے پاکستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور مغربی علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہا۔ صبح کے وقت خنکی میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور درجہ حرارت بھی 21 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔لاہور کا موسم آئندہ دو روز تک خشک رہنے کا امکان ہے۔ کم سے کم درجہ حرارت18 اور زیادہ سے زیادہ 34 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے تمام اضلاع میں موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے تاہم جمعرات کو چند اضلاع میں بارش ہو سکتی ہے۔ خیبرپختونخوا میں بدھ کے روز موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے اور آئندہ چند روز تک کہیں بھی بارش متوقع نہیں۔سندھ اور پنجاب کے تمام اضلاع میں بدھ کے روز موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب اور سندھ میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی موسم خشک رہے گا۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے اکثرعلاقوں میں موسم خشک رہا، سب سے زیادہ سردی کالام میں پڑی جہاں کا درجہ حرارت منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔