اسلام آباد (اے پی پی) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا ہے کہ ہمیں اس بات پر کامل یقین ہونا چاہیے کہ ہمارے لئے اللہ ہی کافی ہے اور وہی بڑا کارساز ہے، کردار کی پختگی کے ساتھ ساتھ حربی مہارتوں کو یقینی بنانابھی ہماری اولین ذمہ داری ہے۔
وہ پیر کو پاک بحریہ کے سی پی اوز، سیلرز اور سویلینز کے لئے اسلام آباد میں ”امیرالبحر اوپن فورم” سے خطاب کر رہے تھے۔ پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اوپن فورم میں شرکت کی ۔ اوپن فورم میں پاک بحریہ میں فلاح و بہبود کیلئے کئے جانے والے اقدامات اور جاری منصوبوں کے حوالے سے بریفننگ دی گئی۔ اوپن فورم میں امیر البحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے سی پی اوز، سیلرز اور سویلینز کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے سیر حاصل جوابات بھی دیئے۔ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفرمحمود عباسی نے کہا کہ ہمیں اس بات پر کامل یقین ہونا چاہیے کہ ہمارے لئے اللہ ہی کافی ہے اور وہی بڑا کارساز ہے۔انہوں نے کہا کہ کردار کی پختگی کے ساتھ ساتھ حربی مہارتوں کو یقینی بنانابھی ہماری ذمہ داری ہے۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے حالیہ کشیدگی کے دوران پاک بحریہ کے آفیسرز اور اور جوانوں کے اعلیٰ جذبہ اور پیشہ وارانہ مہارتوں کی تعریف کی۔