لاہور(این این آئی) وزیرصحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدنے کنگ ایڈورڈمیڈیکل یونیورسٹی میں تین روزہ انٹرنیشنل ایمرجنسی میڈیسن کانفرنس کے افتتاحی سیشن میں خصوصی شرکت کی۔اس موقع پروائس چانسلرکے ای ایم یو پروفیسر خالدمسعودگوندل۔
پروفیسراسداسلم خان، پروفیسرڈاکٹرنرگس، پروفیسرسہیل چغتائی اور دس مختلف ممالک سے آئے سینیئرمیڈیسن ڈاکٹرزوطلباء وطالبات کی کثیرتعدادبھی شریک ہوئی۔ ڈاکٹریاسمین راشدنے کانفرنس میں سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹرزکوتحفظ دینے کیلئے نیاقانون لانے کااعلان بھی کردیا۔ وزیرصحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدنے انٹرنیشنل کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کسی بھی ہسپتال میں مریضوں کے علاج معالجہ میں ادویات کاانتہائی اہم کردارہوتاہے۔ حکومت سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی کویقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کارلارہی ہے۔ تمام سرکاری ہسپتالوں کی ایمرجنسیزمیں مزیدسہولیات دینے کیلئے حکومتی سطح پردن رات کام ہورہاہے۔ ہسپتالوں میں ڈاکٹرزکی ہرحال میں مریض کوریلیف دینے کی کوشش ہوتی ہے۔ ڈاکٹرزکیلئے مریض کے علاج معالجہ کے ساتھ ساتھ لواحقین کی کونسلنگ بھی انتہائی اہم جزوہے۔ہسپتال میں مریض کے ساتھ آئے لواحقین کوڈاکٹرزکی ہدایات کے مطابق مریض کیلئے ادویات ودیگرضروریات کاخیال رکھنا چاہئیے۔ صوبائی وزیر نے کنگ ایڈورڈمیڈیکل یونیورسٹی میں انتہائی اہم موضوع پر شاندارکانفرنس کاانعقادکروانے پریونیورسٹی انتظامیہ کومبارکباد دی۔