اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن )کے رہنما عابد شیر علی نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے شوکت خانم ٹرسٹ کے نیچے 3 بے نامی کمپنیاں بنائیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق عابد شیر علی نے کہا کہ کمپنیوں کے سربراہ عمران خان ہیں، تینوں کمپنیوں کا ایک ہی ٹیلی فون نمبر ہے اور بے نامی کمپنیاں عمران خان کینسر اور ایس کے ایم کینسر اپیل کے نام سے بنائی گئیں۔پاکستان مسلم لیگ (ن )کے رہنما نے کہا کہ عمران خان کینسر اپیل کے بینک اکاؤنٹ میں ڈیڑھ ارب روپے آئے جس میں سے 75 کروڑ روپے انہوں نے اپنے پاس رکھے اور 75 کروڑ روپے
اسٹاک ایکس چینج اور کیریبیئن آف شور کمپنیوں میں انویسٹ کیے۔انہوں نے کہاکہ 2012 میں عمران خان کے پاس 75 کروڑ روپے آئے جن میں سے 37 کروڑ پاکستان آئے، باقی پیسے بے نامی اکاؤنٹس میں جمع کیے گئے۔انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کے امریکا میں 4، لندن میں 3 اور یو اے ای میں 12 لگژری اپارٹمنٹ ہیں۔رہنما مسلم لیگ (ن )نے کہا کہ علیمہ خان 60 ملین پاؤنڈز کی دعوے دار ہیں جسے ریگولرائز کیا گیا، چیلنج کرتا ہوں کہ عمران خان اور علیمہ خان آئیں، مناظرہ کریں، الیکشن فنڈز کی مد میں جمع کیے گئے اربوں روپے کی تفصیل بھی میرے پاس ہے، اپنے موقف کا ہر فورم پر دفاع کروں گا۔