اسلام آباد (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کا معاملہ تنازعہ اختیار کرگیا،سیکرٹری داخلہ کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کو دیئے گئے جواب کو ڈپٹی چیئرمین نے مسترد کردیا ۔ اتوار کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے وزارت داخلہ کے خلاف ایکشن لینے کا عندیہ دیتے ہوئے کہاکہ وزارت داخلہ نے جھوٹ بول کر
پارلیمنٹ کا استحقاق مجروح کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایوان کے متفقہ فیصلے سے وزارت داخلہ کے خلاف ایکشن لیا جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ جب تک اس دفتر میں بیٹھا ہوں سینیٹ کو کمزور ہونے نہیں دوں گا۔ انہوں نے کہاکہ ارکان سینیٹ کے خلاف اس طرح کی کارروائیاں کسی صورت برداشت نہیں کی جا سکتیں۔ انہوں نے کہاکہ سینیٹ کو اطلاع دیئے بغیر ایف آئی آر درج کر کے وزارت داخلہ نے غلطی کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزارت داخلہ کو اپنی غلطی کا اعتراف کرنا چاہئے۔سلیم مانڈوی والا نے کہاکہ وزارت داخلہ نے بغیر اطلاع کے ایف آئی آر درج نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ انہوں نے کہاکہ وزارت داخلہ کا ایف آئی آر اندراج سے متعلق جواب جھوٹ پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہاکہایف آئی آر کے اندراج سے متعلق چیئرمین سینیٹ کو بھی اطلاع نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہاکہ اب بات چیئرمین سینیٹ سے آگے بڑھ چکی ہے۔ سلیم مانڈوی والا نے کہاکہ ارکان سینیٹ کے خلاف کارروایوں کا معاملہ اب ایوان میں لے جاؤں گا۔ انہوں نے کہاکہ ایوان کے متفقہ فیصلے سے آگے کی حکمت عملی طے کی جائیگی۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی جانب سے (آج) پیر کو پریس کانفرنس کا بھی اعلان کیا گیا