کراچی(این این آئی)جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی تحقیقات کے معاملے میں وزیراعلی سندھ نے نیب کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ کرلیا، مراد علی شاہ آج(پیر) قومی احتساب بیورو کی تفتیشی ٹیم کو اپنا بیان ریکارڈ کرائیں گے۔ذرائع کے مطابق
مراد علی شاہ جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی تحقیقات کے کیس میں 26 کے بجائے 25 مارچ کو نیب اولڈ ہیڈ کوارٹرز میں پیش ہوں گے۔نیب نے وزیراعلی سندھ کوٹھٹھہ،دادو شوگر ملز کیس میں ریکارڈسمیت طلب کر رکھا ہے۔ ذرائع کے مطابق مراد علی شاہ کو تحریری سوالنامہ بھی دیا جائے گا جبکہ ڈائریکٹر جنرل نیب عرفان منگی وزیراعلی کا بیان خود ریکارڈ کریں گے۔ڈی جی نیب نے مراد علی شاہ کی متوقع پیشی پر ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کر کے سیکیورٹی کے انتظامات سخت کرنے کی ہدایت جاری کردی۔یاد رہے کہ نیب راولپنڈی نے 20 مارچ کو وزیراعلی سندھ کی طلبی کا نوٹس جاری کیا تھا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیراعلی سندھ کو سکرنڈ،کھوسکی،دادو، ٹھٹھہ، پنگریو شوگرملز کو سبسڈی دیے جانے کے معاملے پر طلب کیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ سندھ حکومت نے اومنی گروپ کی شوگر ملز کو اربوں روپے کی سبسڈی دی جس کے باعث قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا۔قومی احتساب بیورو شوگر ملز کو دی جانے والی سبسڈی کے معاملے پر بھی تحقیقات کررہا ہے جس کے دوران بہت سی اہم باتیں سامنے آئیں۔