لاہور(آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ 22جنوری کو نوازشریف کو وزیراعظم کی ہدایت پر پی آئی سی منتقل کیا گیا ،جہاں پر ان کا ایکوٹیسٹ اور مکمل طور پرطبی معائنہ ہوا،نوازشریف پاکستان میں علاج نہیں کرانا چاہتے ہیں۔
کیونکہ لندن میں فراری کیمپ کھلا ہوا ہے۔ان خیالات کا اظہار فواد چوہدری نے لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پی آئی سی منتقل کیا گیا تھا کیونکہ شکایات آرہی تھیں کہ نوازشریف کی سانس پھول رہی ہے،پی آئی سی میں نوازشریف کا ایکو ٹیسٹ اور مکمل طور پر طبی معائنہ کیا گیا،نواز کی صحت سے متعلق ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں،اسکے علاوہ 20جنوری کو میڈیکل بورڈ نے بھی نوازشریف سے جیل میں ملاقات کی تھی،جہاں پر میڈیکل بورڈ نے نوازشریف کو ہسپتال منتقل کرنے کی تجویز دی تھی۔وزیراعظم نے بھی نوازشریف کے علاج سے متعلق پنجاب حکومت کو ہدایات جاری کی ہیں۔ایک سوال کے جواب میں فواد چوہدری نے کہا کہ نوازشریف کو کڈنی کا بھی مسئلہ ہے،لیکن نواز شریف سروسز ہسپتال میں چھ دن رہے ہیں،وہ پاکستان میں علاج نہیں کرانا چاہتے ہیں،حالانکہ جناح،شیخ زید اور میو ہسپتال میں ماہر ڈاکٹرز موجود ہیں۔نوازشریف کے باہر علاج کے سوال کے جواب میں فواد چوہدری نے کہا کہ لندن میں فراری کیمپ کھلا ہوا ہے،نوازشریف کے پاس پلی بارگین کا آپشن موجود ہے۔انہوں نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ کوئی مقدمہ ہمارا بنایا ہوا نہیں ہے۔