لاہور (آن لائن) احتساب عدالت نے لیگی رہنماؤں خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کے اکاؤنٹس میں کروڑوں روپے منتقل کرنے والی کمپنی ایگزیکٹو بلڈرز کے اکاؤنٹ کھولنے کی درخواست پر نیب سے 19 مارچ تک دوبارہ جواب طلب کر لیا۔ ہفتے کو احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج جوادالحسن کے رووبرو پیراگون ہاوسنگ سوسائٹی سے متعلقہ کمپنی ایگزیکٹو بلڈرز کی نیب کی جانب سے منجمد کئے گئے تین بنک اکاونٹس کھولنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے نیب سے دوبارہ جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 19 مارچ تک ملتوی کر دی۔ احتساب عدالت میں
ایگزیکٹیو بلڈرز کے مینجر آپریشنز عثمان نے بشارت اسحاق ایڈووکیٹ کی وساطت سے درخواست دائر کی گئی ہے۔ نیب کی جانب سے ایگزیکٹیو بلڈرز نامی کمپنی پر پیراگون ہاوسنگ سوسائٹی کیس کے ملزمان خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے اکاونٹ میں کروڑوں روپے منتقل کا الزام ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نیب نے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کیس میں ہمارے بھی تین بنک اکاونٹ منجمند کر دئیے ہیں جس کی وجہ سے کمپنی شدید مالی مشکلات کا شکار ہے اس لئے استدعا ہے کہ ضروری اخراجات کے لئے بنک اکاؤنٹ کھولے جائیں۔