اسلام آباد (این این آئی)پاکستان میں گزشتہ چند برسوں میں غیرملکیوں کی جانب سے شہریت حاصل کرنے کے رجحان میں اضافہ ہوگیا ہے جہاں 461 بھارتیوں سمیت امریکا، برطانیہ، کینیڈا، جاپان اور دیگر کئی ممالک کے باشندے بھی شہریت حاصل کرنے والوں میں شامل ہیں۔وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان میں امن کی واپسی سے عالمی سطح پر ساکھ میں بہتری ہوئی ہے
اورگزشتہ چند برسوں میں 635 غیرملکیوں نے پاکستان کی شہریت حاصل کی۔ اعلامیے کے مطابق شہریت کے لیے رابطہ کرنے والے 150غیرملکیوں کی درخواستوں تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔گزشتہ چند برسوں میں پاکستان کی شہریت حاصل کرنے والوں میں سرفہرست بھارتی شامل ہیں اور اس دوران 461 بھارتیوں نے پاکستان کی شہریت حاصل کی۔پاکستان کی شہریت حاصل کرنے والے دیگر غیرملکی افراد میں دوسرے نمبر پر افغانستان، تیسرے نمبر پر سری لنکا، چوتھے نمبر پر برطانیہ اور پانچویں نمبر پر امریکا کے شہری شامل ہیں۔اعداد وشمار کے مطابق 43 افغان، سری لنکا سے تعلق رکھنے والے 22 افراد شامل ہیں۔برطانیہ سے 15، امریکا سے10، بنگلہ دیش سے 14 اور 12 فلپائنی باشندوں نے پاکستانی شہریت حاصل کی اس کے علاوہ کینیڈا، جاپان اور مصرسے تعلق رکھنے والے 4،4 افراد نے پاکستانی شہریت حاصل کی۔سوئٹزرلینڈ اور انڈونیشیا سے بھی 6،6 افراد نے پاکستانی بننے کا اعزاز حاصل کیا، اسی طرح سے عراق سے 4، ایران اور نیپال سے 3،3، فرانس، مالدووا، روس، ازبکستان سے بھی 2،2 افراد بھی پاکستانی بن گئے۔پاکستانی شہریت حاصل کرنے والوں میں ترکی، آسٹریلیا، سنگاپور، آذربائیجان، کمبوڈیا، اریٹیریا، اٹلی، قازقستان، کویت، کینیا، کرغیزستان، لبنان، میانمار، صومالیہ، شام اور زیمبیا کے باشندے بھی شامل ہیں۔