کراچی(این این آئی)سابق وزیر خزانہ ڈاکٹر سلمان شاہ نے کہاہے کہ اس وقت ملکی ادارے ختم ہوچکے ہیں،حکومت کو بہت زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ٹیکس ریٹ اس لیے نہیں آرہا کیونکہ ملک میں نظام نہیں ہے۔خصوصی گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جب تک ادارے ٹھیک نہیں ہوں گے اس وقت تک مسائل حل نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت حکومتی ڈھانچہ ختم ہوچکا ہے
اور پورا نظام نیا بنانا ہوگا۔ حکومت کے لیے اس وقت بہت زیادہ مسائل ہیں ان سے نکلنے میں وقت لگے گا۔ معیشت اس وقت نیچے گر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ نظام ٹھیک نہ ہونے کی وجہ سے ٹیکس اکٹھا نہیں ہورہا۔ اس وقت آپ بہت بڑے طوفان میں پھنسے ہوئے ہیں۔ پاور سیکٹر میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔ معیشت کو چلانے کے لیے ایک خاص مہارت ہونی چاہئے۔