اسلام آباد(سی پی پی)بیت اسلام نامی ایک تنظیم نے اعلان کیا ہے کہ 40دن تک مسجد میں نماز پڑھیں اور انعام جیتیں۔ تنظیم نے لاہور، اسلام آباد، کراچی اور پشاورمیں اس مقابلے کا انعقاد کیا ہے۔ تنظیم کی طرف سے منعقد کردہ اس مقابلے میں اعلان کیا گیا ہے کہ 19مارچ سے 28مئی تک مسجد کے اندر نماز پڑھنے والے بچوں کو بائی سائیکل انعام دی جائے گی۔
مقابلے میں شرکت کے لیے رجسٹریشن 18مارچ تک ہو گی۔ رجسٹریشن کا عمل وٹس ایپ اور ویب سائٹ کے ذریعے مکمل کیا جا سکتا ہے۔ مقابلے میں شامل ہونے کے لیے عمر کی حد 10سے 15سال رکھی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ18مارچ کے دن10بجے صبح تک منتخب مساجد میں تنظیم کے نمائندے سے مل کر رجسٹریشن کروا لیں اور جماعت کے ساتھ فجر کی نماز ادا کریں۔مقابلے میں کامیاب ہونے کے لیے بچوں کو 40دن تک لگاتار باجماعت نماز ادا کرنا ہو گی اور مسجد میں موجود نمائندکے پاس اپنی حاضری لگوانی ہو گی۔ 28مئی کے بعد انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔ فی الحال کراچی، اسلام آباد، لاہور اور پشاور کی منتخب مساجد میں یہ مقابلہ منعقد کیا جارہا ہے۔ بیت اسلامی تنظیم کا کہنا ہے اس کے بعد مزید شہروں میں بھی یہ مقابلہ منعقد کروایا جائے گا۔ اس مقابلے کا مقصد بچوں میں نماز پڑھنے کا رجحان پیدا کرنا ہے تا کہ بچوں میں دین کی محبت پیدا ہو سکے اور وہ نماز کی طرف راغب ہوں۔ بیت اسلامی تنظیم نے اس مقابلے کا انعقاد کیا ہے اور اس مقابلے کی 40دن نماز پڑھنے کی شرط پوری کرنے والے بچوں کو امپورٹڈ سائیکلیں انعام میں دی جائیں گی۔