اسلام آباد(این این آئی)سپریم کورٹ آف پاکستان میں سابق وزیر اعظم محمد نوازشریف کی درخواست ضمانت پر سماعت 19 مارچ کو ہوگی ۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کی درخواست ضمانت 19مارچ کو سماعت کے لئے مقرر کردی گئی ہے، کیس کی سماعت چیف جسٹس پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ کرے گا، بینچ کے دیگر اراکین میں جسٹس سجاد علی شاہ اور جسٹس
یحییٰ آفریدی بھی شامل ہیں۔واضح رہے کہ العزیزیہ ریفرنس میں سزایافتہ سابق وزیراعظم نوازشریف نے سپریم کورٹ میں اپنی ضمانت کیلیے جلد سماعت کی درخواست کی تھی تاہم عدالت عظمیٰ نے درخواست مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیئے تھے کہ درخواست باری آنے پر سنی جائے گی۔ اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے بھی نوازشریف کی طبی بنیادوں پر سزا معطلی کی درخواست کو مسترد کردیا تھا۔