کراچی(این این آئی)شہریوں نے ڈیم فنڈ میں رقوم جمع کرانا کم کر دی ہے،فروری کے چار ہفتوں میں بھی 34کروڑ روپے بھی جمع نہ ہو سکے، سابق چیف جسٹس کی ریٹائرمنٹ سے قبل اوسط ہر ہفتے 36 کروڑ روپے جمع ہو رہے تھے۔وزیراعظم اور چیف جسٹس ڈیمز فنڈ میں 9 ارب 95 کروڑ روپے جمع ہو گئے ہیں،اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق 4مارچ تک فنڈ میں پاکستان سے 8 ارب 50 کروڑ 50 لاکھ 37 ہزار روپے جمع کرائے گئے جبکہ بیرون ملک سے 1 ارب 45 کروڑ روپے آئے، فروری کے دوران ڈیم فنڈ میں مجموعی طور پر
33 کروڑ 96 لاکھ 67 ہزار روپے جمع کرائے گئے، جن میں سے 25 کروڑ 87 لاکھ روپے اندرون ملک جبکہ 8 کروڑ 9 لاکھ روپے بیرون ملک سے آئے۔ڈیم فنڈ کے قیام سے 31 دسمبر تک اس فنڈ میں اوسطاً ہر ماہ ایک ارب 63 کروڑ 3 لاکھ روپے جمع کرائے گئے تاہم اس کے بعد رقم آنا کم ہونا شروع ہو گئی،سابق چیف جسٹس کی ریٹائرمنٹ کے ماہ جنوری میں ڈیم فنڈ میں مجموعی طور پر 62 کروڑ 89 لاکھ روپے جمع کرائے گئے، جبکہ فروری میں جمع کرائی جانے والی مجموعی رقم 34 کروڑ روپے سے بھی کم رہ گئی۔