لاہور( این این آئی) محکمہ داخلہ کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان کے تحت کالعدم جماعتوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے ، لاہور سمیت مختلف شہروں سے کالعدم جماعتہ الدعوۃ کے متعدد رہنماؤں اور کارکنوں کو حفاظتی تحویل میں لے لیا گیا ،
کالعدم جماعتہ الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے ہیڈ کوارٹرز سمیت کئی عمارتوں کو سرکاری کنٹرول میں لے کرپولیس تعینات کر دی گئی ،تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز سے مزیدجائیدادوں کی رپورٹ طلب کر لی گئی۔ محکمہ داخلہ کے مطابق کالعد م جماعتہ الدعوۃ اور اس کی ذیلی تنظیم کالعدم فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کی لاہور سمیت صوبہ بھر میں عمارتیں سرکاری تحویل میں لے کر پولیس تعینات کر دی گئی ہے ۔ان عمارتوں میں کالعدم جماعتہ اور کالعدم فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے ہیڈ کوارٹر بھی شامل ہیں۔پنجاب بھر میں اب تک 160مدرسے، 32 سکولز ، 153 ڈسپنسریا ں،2کالجز ،4ہسپتال اور178ایمبولینسز سرکاری تحویل میں لی گئی ہیں۔ محکمہ داخلہ کے مطابق تمام ہسپتال، ڈسپنسریز اور تعلیمی ادارے سرکاری افسران کی زیر نگرانی چلتے رہیں گے جبکہ تدریسی عمل بھی بحال رہے گا ۔محکمہ داخلہ نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ کالعدم جماعت کی مزید جائیدادوں کی نشاندہی کر کے رپورٹ ارسال کی جائے ۔ علاوہ ازیں لاہور سمیت پنجاب کے مختلف مقامات سے کالعدم جماعتہ الدعوۃ کے متعدد رہنماؤں اور کارکنوں کو حفاظتی تحویل میں لے لیا گیا ہے ۔