لاہور(این این آئی) وزیراعظم عمران خان نے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو جلد واپس لانے کی ہدایات جاری کر دیں جس کے بعد پی آئی اے نے خصوصی آپریشن شروع کرتے ہوئے قومی ائیر لائن کے آپریشنل عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دیں۔اس حوالے سے وفاقی وزیر ہوابازی
محمد میاں سومرو نے کہا کہ پی آئی اے نے ملک کے چار بڑے ائر پورٹس سے فضائی آپریشن کا آغاز کر دیا ،کراچی، اسلام آباد ، پشاور اور کوئٹہ سے پروازیں آپریٹ کی جارہی ہیں۔جبکہ وزیر اعظم عمران خان نے پی آئی اے کو بیرون ملک پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو جلد از جلد وطن واپس پہنچانے کے لئے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائر مارشل ارشد ملک کو ہدایات جاری کر دیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ سعودی عرب اور خلیجی ممالک سے مسافروں کو ترجیحی بنیادوں پر واپس پہنچایا جائے،عمرہ زائرین اور خلیجی ممالک کے مسافر جن کے ویزہ کی معیاد ختم ہو رہی ان کو ترجیح دی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اب تک پانچ ہزار سے زائد مسافروں کو وطن واپس پہنچایا جا چکا ہے۔پی آئی اے کے آپریشنل عملہ کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں ،پی آئی اے کے مسافروں کے متعلق شعبہ جات مسلسل مسافروں کی رہنمائی میں مصروف ہیں۔پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائر مارشل ارشد ملک آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں،پی آئی اے ملکی ضروریات کے وقت مسافروں کی جانب سے تعاون پر شکر گزار ہے۔