لاہور(این این آئی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیرا عظم عمران خان نے بھارت کی کشیدگی کے جواب میں خطے میں امن کیلئے مدبرانہ کردارادا کر کے خود کو نوبیل پرائز کا حقدار ثابت کیا ہے ،بھارتی پائلٹ چھوڑکرغلطی نہیں بلکہ دانشمندی کا کام کیا ہے اگر دوبار آئے تو ایک کی بجائے 10پکڑ لیں گے،بھارت نے پاکستان کے آٹھ ائیر پورٹس کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کی تھی لیکن ہماری طرف بھی مرچ مصالحہ بالکل تیار تھا ۔
بھارت کی فوج جنگ لڑنے کیلئے تیار نہیں تھی صرف اس کے اینکر ز جنگ لڑ رہے تھے ،وزیر اعظم 20مارچ کووی وی آئی پی ٹرین جناح ایکسپریس کا افتتاح کریں گے جس کے بعد سرسید ایکسپریس چلانے کیلئے پیشرفت کی جائے گی ،ریلوے فیکٹریوں میں پرانے آلات کو نئی مشینری سے تبدیل کرنے کیلئے ترکی اور روس کے ساتھ جوائنٹ ونچر کرینگے اور اس کیلئے ابتدائی مذاکرات جاری ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریلوے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ شیخ رشید نے کہا کہ ہم مغربی محاذ کی ترقی کے تناظر میں ریلوے کی بنیاد رکھ رہے ہیں اوراسے مد نظر رکھتے ہوئے ٹینڈر کئے جارہے ہیں۔ کوئٹہ ، تفتان ٹینڈر بی او ٹی کی بنیاد پر دیا جائے گا ، دنیا کے ساتھ چلنے کے لئے لائنیں سٹینڈرڈ گیج پر لے کر جارہے ہیں ،27اپریل چین جانے سے پہلے ایم ایل ون کا فیصلہ ہو جائے گا، اسی طرح مرحلہ وار آگے بڑھیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ریلوے میں بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون کامیاب رہا ہے ،بغیر ٹکٹ کرنے والوں سے پہلے 6کروڑ روپے وصول کئے تھے جواب 60لاکھ روپے پر آ گیا ہے او رہم اسے 6لاکھ پرلائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بد نصیبی کی بات ہے کہ کمائو پوت لاہور او رکراچی کے اسٹیشنز کو نظر انداز کیا گیا اور نارووال، اوکاڑہ اور دیگر اسٹیشنز پر 70،70کروڑ روپے لگا دئیے گئے ۔
ہم کراچی ، لاہور اور حیدر آباد کے اسٹیشنز کو ترجیح دے رہے ہیں او رجناح ایکسپریس کے افتتاح کے بعد لاہور ریلوے اسٹیشن ایک نیا اسٹیشن ہوگا اور اس کیلئے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ اس پر دن رات کام کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم کنٹینر ٹرینوں کی تعداد کو بھی بڑھائیں گے او راسے 8سے بڑھا کر 20تک لے کر جائیںگے۔
کے پی ٹی کے ساتھ بات چیت جارہی ہے تاکہ ہم اسے مزید بہتر کر سکیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے گزشتہ سال کے مقابلے میں امسال چار ماہ میں تین ارب روپے زائد آمدنی حاصل کی ہے او ریہ سب ریلوے کے افسروں و رمزدوروں کی محنت کا نتیجہ ہے ، انشا اللہ ہم ریلوے میں سر پرائز دیں گے اور اور دوسری مدوں میں بھی اخراجات کم کرینگے ، اگر میں وزارت میں رہا اور اللہ نے زندگی دی تو ملک بھر میں ریلوے کا جال بچھا دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ازبکستان، روس اور ایران کی طرف بڑھ رہے ہیں ، اگر حالات ٹھیک رہے تو میں 6مارچ کو تہران جائوں گا اورہم ایک نئے ٹریک کی طرف جارہے ہیں ، ایم ایل ون کو بھی تین حصوں میں تقسیم کرنے لگے ہیں اور اس میں ہم چین کو اہمیت دیں گے۔ 28مارچ کو ایک بڑا ٹینڈر ہونے جارہا ہے اور قوم سے وعدہ ہے کہ اگر ہم اس میں کامیاب ہو گئے تو تمام بند ٹرینوں کو چلا دیں گے ۔ انہوںنے کہا میں نے کروڑوں روپے فیسیں لینے والے وکلاء کا عدالت میں مقابلہ کیا اوررائل پام کا کیس لڑا ہے ہم کراچی میں اپنی جم کو بھی واپس لیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ فضائی آپریشن معطل ہونے کی وجہ سے ایمرجنسی میں 25 فیصد زیادہ مسافر ٹرین سروس کی طرف آئے اور ہم نے اضافی ویگنیں لگا کر مسافروں کو سہولت دی ، ایمرجنسی کی صورت میں ملتان سمیت تمام اسٹیشنوں پر ٹرینیں دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ۔ رسالپور اور مغلپورہ ورکشاپ میں پرانی آلات کو جدید مشینری سے تبدیل کرنے کیلئے ترکی اور روس سے جوائنٹ ونچر کریں گے اور اس کے لئے ابتدائی مذاکرات ہوئے ہیں۔
ترکی کے ساتھ اس کی مقامی کرنسی میں معاہدے کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ریلوے میں سات روز کا تیل موجود تھا اور وفاق نے 1.2ارب روپے کا ادھار تیل دیا۔انہوں نے سوالات کے جوابات میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے بھارت کی کشیدگی بڑھانے کے جواب میں خطے میں امن کے لئے مدبرانہ کردارا دا کر کے خود کو نوبیل پرائز کے لئے مقررہ معیار پر ثابت کیا ہے ۔ انہوں نے بھارتی پائلٹ کو رہا کرنے کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ کیا سیاچن کی جنگ میں بھارتی پائلٹ کو نہیں چھوڑا تھا۔
اڑی حملے میں ایک حوالدار کو واپس نہیں بھجوایا گیا تھا ہم پھر پکڑلیں گے ، آج پاک فوج اور عمران خان ایک پیج پر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت آج بھی کشمیریوں پر گولہ باری کر رہا ہے، پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی تحریک کے ساتھ کھڑا ہے ۔آج کشمیریوں کا لیڈر کوئی سیاسی شخص نہیں بلکہ برہان الدین وانی ہے اور کشمیر کی تحریک ایک بار پھر زندہ ہو گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یقین کریں لاہو روالے بڑے بیتاب تھے اور میں جب صبح ناشتہ کرنے گیا تو نوجوان کہہ رہے تھے کہ مزہ نہیں آیا ۔
لاہوریے بھارت کے ساتھ جنگ کے لئے تڑپ رہے ہیں کہ اعلان جنگ ہو اور ہم بھارت کو چیڑ پھاڑ دیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو معلوم ہے کہ اس کی ائیر فورس پاکستان کی فضائیہ کامقابلہ نہیں کرسکتی ،ہم ان سے تعداد میں تھوڑے ہیں لیکن معیار میں ہائی پروفائل ہیں ۔بھارت کو معلوم ہے کہ پاک فضائیہ کی جو کارکردگی ہے وہ اس کا کسی صور ت مقابلہ نہیں کرسکتا ۔ شیخ رشید نے کہا کہ بھارت نے دو راتیں قبل پاکستان کے آٹھ ائیر پورٹس کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی لیکن یہاں بھی مرچ مصالحہ تیا ر تھا اور مرچ مصالحہ بھرا ہوا تھا ۔
انہوں نے پاکستانی میڈیا کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے میڈیا نے بھارت کے میڈیا کو شکست فاش دی ہے ۔ بھارت کی فوج لڑنے کے لئے تیار نہیں تھی اور وہاں کہا گیا کہ بھارتی فوج کا مورال نیچے ہے وہاں صرف اینکرز جنگ لڑ رہے تھے ۔ا نہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے تمام اپوزیشن کو اکٹھا کیا ، بھارتی پائلٹ کو چھوڑ کر سیاسی قیادت اور فوجی قیادت نے غلطی نہیں بلکہ دانشمندی کا کام کیا او رجب چاہیں گے ان کے دس پکڑ لیں گے۔
ہم نے واضح پیغام دیا ہے کہ اگر امن سے رہو گے تو امن سے رہیں گے لیکن جارحیت کرو گے تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آرمی کے ترجمان نے بہت ذمہ داری سے بات کی اور امن کا پیغام دیا جبکہ بھارت میں ان کے فوجی عہدیداروں کی ہوائیاں اڑی ہوئی تھیں ، بھارت میں ایک لوہے کے ٹکڑے کو پاکستان کے ایف 16کا ٹکڑا قرا ر دیا گیا جسے خود ان کے میڈیا نے جھٹلا دیا ہے۔
۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کرنے کے بعد سوچتا ہے جبکہ پاکستان کا لیڈر عمران خان کرنے سے پہلے سوچتا ہے ، ان حالات میں چین ،امریکہ اور ترکی آن بورڈ تھے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے میزائلوں کی رینج آسام کے باڈر تک ہے اور بھارت کا چپہ چپہ اور ایک ایک انچ ہمارے میزائلوں کی رینج سے باہر نہیں ۔آج بھارت میں نہرو ، گاندھی یا واجپائی کی سوچ والی نہیں بلکہ نریندر مودی کی صورت میں عمومی سوچ والی قیادت ہے ۔بھارت سے جب بھی جنگ ہوئی آخری ہوگی اورسارے بھارت کی چتا جلاکر سیاپا ہی مکا دیں گے۔