کوہاٹ (آن لائن)افغان مہاجرین بھی بھارت کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے۔کوہاٹ میں افغان مہاجرین نے بھارتی جارحیت کے خلاف اور پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالی۔ مہاجرین پاکستان زندہ باد مودی مردہ باد پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگا رہے تھے۔
تفصیلات کے مطابق کوہاٹ میں رہائش پذیر افغان مہاجرین نے بھارتی جارحیت کے خلاف اور پاکستان سے اظہار یکجہتہ کے لیے ہنگو پھاٹک سے بڑی ریلی نکالی۔ ریلی کے سیکڑوں شرکاء نے ہاتھوں میں پاکستان کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔ریلی کے شرکاء پاکستان زندہ باد پاک فوج زندہ باد اور مودی مردہ باد کے نعرے لگا رہے تھے۔ریلی ہنگو روڈ سے ہوتی ہوئی پشاور چوک پہنچی جہاں مختلف اسکولوں کے بچے بھی ریلی میں شامل ہوئے بعد ازاں ریلی کے شرکاء شہداء چوک پر پہنچے۔شہداء چوک پر انڈیا کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور مشتعل مظاہرین نے بھارت کا جھنڈا نظر آتش کیا۔اس موقع پر معلم ولایت خان، ملک حاجی علی شاہ خان، ملک اول خان اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے بھی نہ دیکھے افغان مہاجرین انڈیا کے خلاف ہر محاذ پر پاکستان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان نے عزت دی ہے اور پاکستان کی عزت کے لیے اپنا سب کچھ قربان کر دیں گے.انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں رہائش پذیر افغان مہاجرین پاکستان قوم اور فوج کے ساتھ شانہ بشانہ ہے ان کے خلاف پراپیگنڈوں پر یقین نہ کیا جائے پاکستان کے مسلمان ہمارے کلمہ گو بھائی ہیں ان کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں گے۔ کوہاٹ میں افغان مہاجرین نے بھارتی جارحیت کے خلاف اور پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالی۔