کوئٹہ(این این آئی) صوبائی وزیر داخلہ و پی ڈی ایم اے میر ضیاء اللہ لانگو نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے شدید بارشوں کی پیشگوئی کو مد نظر رکھتے ہوئے پی ڈی ایم اے کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں شدید بارشوں اور سیلاب کی صورت میں پی ڈی ایم اے پہلے سے زیادہ مستعدی اور بہتر انداز میں ہر طرح کی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے، ریلیف اور ریسکیو(Relief and Rescue) آپریشن کو جاری رکھنے اور متاثرین کی تحفظ و بحالی
کیلئے اپنے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لئے مکمل طور پر چوکس اور تیار ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ بارشوں اور سیلاب کے متاثرین کی امداد اور بحالی کیلئے وہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہے ہیں، اس آزمائش اور امتحان کی گھڑی میں متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں عوام کو فوری ریلیف اور فراہم کرنے کیلئے پہلے سے ہی رابطہ سیل (Coordination cell) کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے۔