لاہور(این این آئی) جنرل ہسپتال میں جنگی خطرات کے پیش نظر ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور ڈاکٹر ز،نرسز ، پیرا میڈیکل اور تمام سپورٹنگ سٹاف کی ہر طرح کی چھٹیاں فوری طور پر منسوخ کر دی گئی ہیں ،پرنسپل پی جی ایم آئی و لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر محمد طیب نے
اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ چھٹیوں پر موجود عملہ فوری طور پر اپنے اپنے شعبوں میں رپورٹ کرے ،انہوں نے ہسپتال کے ایم ایس اور متعلقہ انچارج صاحبان کو کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مکمل تیاری کے احکامات جاری کیے ہیں ۔جنگی حالات میں ہم سب کو غیر معمولی صورتحال کا سامنا کرنے کیلئے تیار رہنا ہو گا۔پروفیسر محمد طیب نے کہاکہ جنرل ہسپتال کے ہر شعبے کو 24گھنٹے کام کرنے اور ایمرجنسی حالات کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار رہنا چاہیے بالخصوص شعبہ ایمرجنسی میں ادویات و بلڈ کی وافر مقدار میں موجودگی کو یقینی بنایا جائے ،انہوں نے کہا کہ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی ہدایات کے مطابق ہمیں ہر طرح کی صورتحال کی تیاری یقینی بنانا ہے جس کیلئے متعلقہ اے ایم ایس اور ڈی ایم ایس صاحبان حکمت عملی تشکیل دیں ،سینئر ڈاکٹرز موقع پر خود موجود ہوں ،اسی طرح ہسپتال کی سکیورٹی اور مانیٹرنگ کے نظام کو بھی اپ ٹو ڈیٹ رکھا جائے اور ایم ایس جنرل ہسپتال خود اس امر کو یقینی بنائیں کہ کہیں کسی قسم کی کوئی کمی نہ رہے ۔