اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت کو پلوامہ حملے میں تحقیقات اور دوطرفہ مسائل پر مذاکرات کی آفر کی ،اب بھی بھارت کے ساتھ دہشت گردی سمیت تمام مسائل پر گفت گو کیلئے مذاکرات پر تیار ہیں۔وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ اجلاس ہوا جس میں ملکی سلامتی کی تازہ صورتحال سمیت 12 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔وزارت خارجہ اوروزارت دفاع نے پاک بھارت کشیدگی پر بریفنگ دی ،وزیراعظم نے امن اقدامات پر حکومتی حکمت عملی پر کابینہ کو
اعتماد میں لیا۔اجلاس میں سرحدی کشیدگی اوربھارتی جنگی جنون پر پاکستان کی سفارتی کوششوں کی تعریف کی گئی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں بھارتی اشتعال انگیزی کے معاملہ کو اقوام متحدہ،او آئی سی اوردوست ملکوں سے فوری اٹھانے کے فیصلہ کی توثیق کی گئی۔خطے میں امن کیلئے مذاکرات ہی واحد راستہ ہیں ،وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وطن کے دفاع کے لیے مسلح افواج کی خدمات پر فخر ہے۔کابینہ ارکان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم متحد ہے اور مادروطن کی حفاظت کیلئے تیار ہے ۔