اسلام آباد(آن لائن ) یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے ایم ڈی مشتاق احمد نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کا یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کو بند کرنے کا کوئی پلان نہیں،کسی بھی ملازم کو نہیں نکا لا جائیگا۔ سٹورز کی بندش روٹین کا معاملہ ہے جو کہ کارپوریشن عموماً اپنی حکمت عملی کے مطابق کرتی رہتی ہےجہاں سے سیل اچھی نہ آرہی ہوں کسٹمرز کم ہو اس لوکیشن پر سٹورز کو بند کرکے نئی لوکیشن پر شفٹ کیا جاتا ہے تاکہ کارپوریشن کے اخراجات میں کمی کی جا سکے اور اچھی لوکیشن پر سٹورز کو شفٹ کرکے کارپوریشن کی آمدنی میں اضافہ کیا جائے۔جس علاقے میں سٹورز کی تعداد زیادہ ہو اور کسٹمر کم ہوں اس علاقے
کے سٹورز کو آپس میں انضمام کیا جاتا ہے اور بند کئے گئے سٹورز کے عملے کو اس میں ایڈجسٹ کیا جاتاہے نکالا نہیں جاتا۔ایم ڈی یوٹیلیٹی سٹورز نے اس بات کی بھی وضا حت کی ہے کہ سٹورز کی بندش کی وجہ سے کسی بھی ملازم کو نہیں نکالا جائیگا اور بند کئے گئے سٹورز کو نئی لوکیشن پر جدید طرز کے نئے میگا سٹورز میں تبدیل کیا جائیگا۔ جسمیں عوام کی سہولت کیلئے ایک چھت تلے تمام سہولیات فراہم کی جائیگی یہ ایک مرحلہ وار حکمت عملی کے تحت کیا جائیگا۔سٹورز کی بندش کو کارپوریشن کی بندش سے جوڑنا مناسب نہیں۔ بہت جلد عوام یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن میں ایک اچھی تبدیلی کو محسوس کرینگے۔