لاہور ( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ اگر نواز شریف کا علاج پاکستان میں ہو سکتا ہے تو انہیں ضمانت کی کیا ضرورت ہے؟،نعیم الحق اور فواد چوہدری کے اختلافات بند کمرے سے باہر نہیں نکلنے چاہیے تھے۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر خان ترین پارٹی رہنما عبدالعلیم خان سے ملاقات کیلئے پنجاب اسمبلی پہنچے اور ان کے چیمبر میں ملاقات کی، ملاقات میں اسحاق خاکوانی، ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری، شوکت بسرا، میاں اسلم اقبال، مشیر وزیر اعلیٰ عون چودھری اور دیگر بھی
موجود تھے۔پنجاب اسمبلی پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے حوالے سے کہا کہ نواز شریف سے متعلق عدالت کا فیصلہ ہے، ان کا علاج پاکستانی ہسپتالوں میں ہو سکتا ہے، اگر ایسا ہے تو نواز شریف کو ضمانت کی کیا ضرورت ہے؟ ہسپتالوں میں سہولیات موجود ہیں۔جہانگیر ترین نے مزید کہا کہ مجھے پتہ نہیں کہ نواز شریف سے کیسے ڈیل ہو سکتی ہے، صرف میڈیا میں چل رہا ہے۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نعیم الحق اور فواد چوہدری کے اختلافات بند کمرے سے باہر نہیں نکلنے چاہیے تھے۔